سندھ میں کورونا کیسز کیساتھ اموات میں بھی اضافہ ہونے لگا

کورونا ریپڈ رسپانس ٹیم نے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

کراچی:  سندھ میں عالمی کورونا وائرس کے کیسز کے ساتھ اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جب کہ 27 جولائی کے بعد آج ایک دن میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔ 

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ صوبے میں وبا سے آج 19 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ 27 جولائی کو 20 اموات سامنے آئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی کل تعداد 2799 ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ اور کراچی میں 12 جولائی کے بعد آج کورونا کے سب سے زیادہ کیسز ایک دن میں ریکارڈ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے آج مزید ایک ہزار 276 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 28 ہو گئی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کورونا متاثرہ 446 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جب کہ اس وقت کورونا کے 48 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

ان کا مزید بتانا تھا کہ کراچی میں بھی 12 جولائی کےبعد سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ چوبیس گھنٹے کے دوران 929 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک شہر میں ایک لاکھ دس ہزار550 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

کورونا: کراچی میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن کا فیصلہ

دوسری جانب کراچی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے اجلاس میں چار اضلاع میں اسمارٹ جبکہ دو اضلاع میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع جنوبی، ضلع  شرقی، ضلع وسطی اور ضلع غربی میں اسمارٹ لاک ڈاؤں لگانے کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنرز کل تک جاری کردیں گے جبکہ ضلع کورنگی اور ضلع ملیر میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔

اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ہیلتھ افسران سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمشنر کراچی کے مطابق آج  یا کل تک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ جن علاقوں میں لاک ڈاؤن ہوگا ان کی نشاندہی ڈپٹی کمشنرز کریں گے۔


متعلقہ خبریں