تینوں فارمیٹ کا کپتان بنائے جانے پر بابراعظم کا خصوصی فوٹو شوٹ


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تینوں فارمیٹ کا کپتان بنائے جانے پر بابراعظم کا خصوصی فوٹو شوٹ اور نئی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کے اسٹینڈز اور گراؤنڈ میں اپنی تصاویر بنوائی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پی سی بی نے اظہر علی کی جگہ بابراعظم کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔


پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بطور ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کی پہلی اسائنمنٹ دورہ نیوزی لینڈ ہو گا۔

اس حوالے سے بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ٹیسٹ کپتان بننے پر وہ بہت فخراور خوشی محسوس کر رہے ہیں کیونکہ اب ان کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہوگیا ہے کہ جنہوں نے کھیل کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ اضافی ذمہ داری اٹھانے کے لئے تیار ہیں اور اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ بھی ہوگا ، انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنا کام اور بہتر انداز سے کرسکیں گے کیونکہ انہیں اس سفر میں تجربہ کارافراد کا ساتھ نصیب ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن مشکل تھا اور جس طرح اس سیزن میں اظہر علی نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی وہ اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یقین ہے کہ وہ ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔


متعلقہ خبریں