شاہد خاقان عباسی کا پشاور پی ڈی ایم جلسہ شیڈول کے مطابق منعقد کرانے کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) جلسہ شیڈول کے مطابق منعقد کرانے کا اعلان کر دیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومتی ٹولے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،افواہیں پھیلانے سے جلسے کی تاریخ، مقام اور وقت تبدیل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کا حتمی فیصلہ ہے کہ پشاور میں جلسہ 22 نومبر کو مقررہ وقت اور مقررہ مقام پر ہی ہو گا، جلسے میں کورونا کی حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

پشاور انتظامیہ کا پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار

خیال رہے کہ قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے پشاور جلسے میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اس ضمن میں جاری تھریٹ الرٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے 22 نومبر کو پشاور میں دہشت گردی کا خدشہ ہے۔

نیکٹا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بڑے اجتماع پر دہشت گرد حملے کی سازش کی جا رہی ہے اور پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ دہشتگردوں کا ممکنہ ہدف ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب پشاور کی  ضلعی انتظامیہ نے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرمحمد علی اصغر کا کہنا ہے کہ پشاور میں کورونا میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پشاورمیں کورونا کیسز کی شرح میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں عوامی اجتماع کے باعث کورونا مزید پھیل سکتا ہے۔ کورونا پھیلنے کے خدشے کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان عارف اللہ اعوان نے بھی کہا ہے کہ ضلع  میں دفعہ 144 کے تحت کورونا ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں