پی ڈی ایم رہنما عوام کی صحت اور زندگیوں کیساتھ خطرناک سیاست کر رہے ہیں، عمران خان


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنما عوام کی صحت اور زندگیوں کے ساتھ خطرناک سیاست کر رہے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے رہنما وہی ہیں جو سخت لاک ڈاؤن چاہتے تھے اور پہلے مجھ پر تنقید کررہے تھے۔

وزیر اعظم نے تحریر کیا کہ یہ لوگ کورونا سے متعلق عدالتی فیصلے کی حکم عدولی کررہے ہیں اور ایسے وقت میں جلسے کر رہے ہیں جب کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پی ڈی ایم کے زیر اہتمام پشاور میں منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا پشاور پی ڈی ایم جلسہ شیڈول کے مطابق منعقد کرانے کا اعلان

ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کے زیر اہتمام منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کے لیے کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔

اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ علاقہ پولیس کی جانب سے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لائے جانے والے کنٹینرز آج نہ لگائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت سے کہا کہ وہ لائے جانے والے کنٹینروں کو کسی دوسری جگہ منتقل کردے تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔

جب تک جعلی حکومت ہے ملک نہیں چل سکتا، مریم نواز

ہم نیوز کو اس سلسلے میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت نے اس سلسلے میں علاقہ پولیس سے کہا کہ لائے جانے والے تمام کنٹینرز جلسہ گاہ میں لگائے جائیں گے۔

پی ڈی ایم کے ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ کل سات کنٹینرز لائے گئے ہیں جن میں سے چھ پر اسٹیج بنایا جائے گا جب کہ ایک میڈیا کے لیے مختص ہوگا۔


متعلقہ خبریں