اپوزیشن عوام کو خطرے میں ڈالنے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کرے گی اسد عمر



کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جلسوں سے عوام کو خطرے میں ڈالنے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کرے گی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاق سندھ حکومت کے ساتھ  ہر معاملے میں تعاون کر رہا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کوبہتر کیا جا رہا ہے، کراچی کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم  کراچی میں ترقیاتی منصوبوں میں  پیش رفت کے خواہاں ہیں، کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر کام  بھی تیزی سے جاری ہے، نالوں پر غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس: کراچی سے متعلق منصوبوں پر غور

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی کہانی جوانی سے سن رہا ہوں، کام اب ہورہا ہے، اس دفعہ آپ کو باتیں نہیں کام ہوتا ہوا نظر آئے گا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کشمور واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، اے ایس آئی کی بیٹی نے بچی کو چھڑانے کیلئے بہت بہادری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ اے ایس آئی کو سول ایوارڈ سے نوازا جائے۔ متاثرہ بچی کو فوری طورپر علاج کیلئے کراچی لایا گیا۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بچوں سے زیادتی کرنے والے مجرموں کو سزائے موت دی جائے گی۔ وزارت انسانی حقوق  بچوں سے زیادتی کرنے والوں کے خلا ف سرگرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جزیرہ کا سارا ریونیو سندھ کو ملے گا، وفاق نہیں لے گا۔


متعلقہ خبریں