پی ڈی ایم پشاور جلسہ: پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا

پی ڈی ایم پشاور جلسہ: پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا

پشاور: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے بینر تلے کل پشاور میں ہونے والے جلسے کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر پشاور کے مطابق شہر میں کل صبح  سے لیکر رات تک بڑی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ جلسہ کے باعث کوڑی پل سے چارسدہ روڈ تک رنگ روڈ بند ہوگا۔

ٹریفک پولیس چیف پشاور کے مطابق رش اور سڑکوں کی بندش کے باعث عوام کے لیے متبادل روٹس کا انتظام کیا ہے۔ اسلام آباد اور دیگر شہروں سے آنے والے افراد مردان رشکئی انٹرچینج  پر اترکر نوشہرہ جی ٹی روڈ کا راستہ استعمال کریں۔

سی ٹی او پشاور کے مطابق چارسدہ نیستہ انٹرچینج پر اترکر پشاورمیں داخل ہونے کیلئے چارسدہ روڈ  کا راستہ اختیار کیا جائے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی اتحاد پی ڈی ایم کل پشاور میں اپنی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق پشاور میں منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلسے کے لیے پشاور رنگ روڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کا پشاور پی ڈی ایم جلسہ شیڈول کے مطابق منعقد کرانے کا اعلان

ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کے زیر اہتمام منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کے لیے کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور 10 ہزار کے قریب جلسے کے شرکا کے لیے کرسیاں لگائی جائیں گی۔

اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ علاقہ پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کو ہدایت کی تھی کہ وہ لائے جانے والے کنٹینرز آج نہ لگائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت سے کہا تھا کہ وہ لائے جانے والے کنٹینروں کو کسی دوسری جگہ منتقل کردے تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔

ہم نیوز کو اس سلسلے میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت نے اس سلسلے میں علاقہ پولیس سے کہا کہ لائے جانے والے تمام کنٹینرز جلسہ گاہ میں لگائے جائیں گے۔

پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کا کہنا ہے کہ لائے جانے والے کنٹینرز راستے میں رکھنے کے لیے نہیں لائے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کی زیر نگرانی کارکنان لائے جانے والے کنٹینرز کو لگانے میں مصروف ہیں۔


متعلقہ خبریں