سندھ: تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا فیصلہ

سندھ: تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا فیصلہ

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم کی زیر صدارت کمیٹی اجلاس میں شریک صوبائی حکام اور اسٹیک ہولڈرز نے رائے دی کہ سندھ میں اسکول اور کالجز بند نہیں ہونے چاہیئں۔ سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات بھی نہیں ہونی چاہیئں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موسم سرما کی تعطیلات کے بجائے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز کو مزید سخت کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کے فیصلوں سے این سی او سی کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

اسٹیئرنگ کمیٹی کے مطابق 23 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے اجلاس کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  سعید غنی کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے صوبے کا مشرکہ مؤقف طے کرنا تھا تاکہ اس حوالے سے این سی او سی کو آگاہ کیا جاسکے۔ ا

انہوں نے کہا کہ ین سی او سی اجلاس میں جو بھی فیصلہ ہوگا اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا جائے گا اور باہمی مشاورت سے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے کورونا کی تشخیص کا جدید آلہ تیار کر لیا

دوسری جانب سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس  سے مزید 17 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 2816 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار 199 نئے کیسز سامنے آئے۔ سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 227  ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 859 کیسز رپورٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا کے 477 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ سندھ میں کورونا کے 62 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعداد وشمار  کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی، جنوبی ، وسطی اور ملیر کورونا سے متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعداد وشمار  کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں اب تک 33 ہزار 239 کیسز اور 798 اموات، ضلع جنوبی میں 26 ہزار 708 کیسز اور 371 اموات، ضلع وسطی میں 17 ہزار 266 کیسز اور 507 اموات، ضلع ملیر میں 10 ہزار 403 کیسز اور 184 اموات، ضلع کورنگی میں 9 ہزار 198 کیسز اور 286 اموات، ضلع غربی میں 8 ہزار 706 کیسز جبکہ 238 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت سندھ  کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے ہونے والی اموات میں 85 فیصد کراچی سے رپورٹ ہوئی ہیں۔ سندھ کی 2799 اموات میں سے 2384 اموات کراچی سے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز