مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ، نتائج کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہوگی،وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کر کے عوام کی زندگی خطرے میں ڈال رہی ہے۔ کیسز ایسے ہی بڑھتے گئے تو لاک ڈاؤن کرنے پر مجبور ہو جائیں گے اور نتائج کی ذمہ دارپی ڈی ایم پر ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تشویشناک ہے۔ گزشتہ 15 دنوں میں وینٹی لیٹرز پر کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

پشاور اور ملتان میں وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا۔ کراچی 148، لاہور 114، اسلام آباد میں 65فیصد مریض وینٹی لیٹرپرگئے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اسلام آباد اورملتان میں وینٹی لیٹر کا استعمال 70فیصد ہے۔ پشاور اور ملتان میں وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا کورونا کیسز بڑھنے پر اپوزیشن کیخلاف مقدمات کا اعلان

اسد عمر نے کہا سیاسی رہنماؤں کیلئے یہ پیغام ہے کہ کورونا خطرہ نہیں ہے زندگیوں کو خطرہ ہے۔ انتہائی ضروری ہے کے قوم یکجا ہو کر پھر سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرے۔ تاکہ صحت کی بھی حفاظت کریں اور لوگوں کے روزگار کو بھی بچا سکیں۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کوروناخطرات میں عوام کی زندگیوں کوداؤ پرلگانا سیاسی سفاکی اور ظلم ہے۔ کارکنوں کی زندگیوں سےکھیلنا مفاد پرست سیاسی ٹولےکی ذہنیت بےنقاب کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی اداروں کو بدنام اور معیشت تباہ کرنیوالے اب عوام کی صحت کے درپے ہیں۔ غیرذمہ دارانہ رویےسےعوامی صحت اورروزگاردونوں متاثرکرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دوسری لہر کے دوران بھی اپوزیشن کی جانب سے سیاسی جلسے کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کی جانب حزب اختلاف کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج پشارو میں جلسہ کرنے جا رہی ہے۔

اپوزیشن کا کہنا ہے کہ حکومت عوام دباؤ کا سامنا نہیں کر سکتی اور اس سے بچنے کیلئے کورونا کے پیچھے چھپ رہی ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت کو کورونا سے زیادہ بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو کسی محاذ پر آرام سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ ناجائز حکمرانوں نے جلسہ روکنے کیلئے کورونا کا بہانہ بنایا ہے۔ حکومت سے جان چھوٹ جائے تو قوم صحتمند ہو جائے گی۔

رہنما پیپلزپارٹی قمرزمان کائرہ نے حکومت کو کورونا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا جتنی جلدی ممکن ہو خاتمہ ہوجانا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت اور جلسے کے منتظمین کے خلاف مقدمات کا اندراج ہونا چاہیئے۔ کورونا صورتحال پر عدالتی اور حکومت کے احکامات واضح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقدمات کے اندراج سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ ایسے حالات میں پی ڈی ایم جلسے کے نتائج انتہائی خطرناک ہوسکتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں