پنجاب: کورونا وائرس میں تشویشناک حد تک اضافہ



لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں کورنا وائرس کی صورتحال دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق تشویشناک مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کورونا کے باعث وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے۔

پنجاب میں کورونا سے 2826اموات اور  ایک لاکھ 14 ہزار10 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز پنجاب میں22 اموات رپورٹ ہوئی تھیں اورکورونا کے 123 مریض تاحال وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

سندھ 57، اسلام آباد43 اور خیبرپختونخوا22مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں 2 ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی کورونا کیسز کی شرح12 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور 5روزکےدوران کیسز میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے سہولتیں بڑھا رہے ہیں۔ خیبر ٹیچنگ اسپتال کے90 میں سے 84 بسترزیر استعمال ہیں۔ ایل آرایچ میں ابھی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے تلقین کی کہ احتیاط نہیں کریں گےتوعوام کوکورونا سےمتعلق غلط پیغام جائےگا۔  ہماری پوری کوشش ہے کم سےکم پابندی لگے۔

پاکستان میں کورونا کے باعث مرنے والوں کی مجموعی تعداد7ہزار 662 اور متاثرہ افراد کی کل تعداد3لاکھ 74 ہزار 173 ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک کے 15 شہروں میں کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہے۔


متعلقہ خبریں