آسٹریلیا، انڈیا کے ساتھ ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا خواہش مند


میلبورن: بھارت کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کی تصدیق کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ اب ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے لئے کوشاں ہے، دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز اس پربات چیت بھی کر رہے ہیں۔

آسٹریلیا اب تک چار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرچکا ہےجن میں سے تین ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے،ہوم گراونڈزپرکھیلے گئے تمام میچز میں میزبان فاتح رہا ہے۔

پیرکے روزآسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جیمزسدرلینڈ نے سال 2018-19 کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال ان کی ٹیم بھارت اورسری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریزکھیلے گی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بورڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم بھارت کے خلاف چار ٹیسٹ میچز جبکہ سری لنکا سے دو میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت  کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ان کی اوّلین ترجیح ہے اورآئندہ ہفتے بھارتی کرکٹ بورڈ سے جواب موصول ہونے کی توقع ہے۔

جیمز سدرلینڈ نےبتایا کہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ 24  جنوری سے گابا کرکٹ گراؤنڈ پر شروع ہو گا۔

سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ یکم فروری کو مانوکا اوول ، کینبرا میں کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز چھ دسمبر سے ہو گا، پہلا معرکہ ایڈیلیڈ کرکٹ گراونڈ پر ہو گا۔

سیریز کا دوسرا میچ 14 دسمبر سے پرتھ جبکہ تیسرا میچ باکسنگ ڈے پر26 دسمبر سے میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا چوتھا اور آخری میچ آئندہ سال تین جنوری سے سڈنی میں شروع ہوگا۔

ٹیسٹ میچز کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان محدود اورز پر مبنی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔


متعلقہ خبریں