وقت آنے والا ہے، حساب لیں گے، سب کو گھر جانا پڑیگا: بلاول بھٹو



پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وقت آنے والا ہے حساب ہم لیں گے، ان سب کو گھر جانا پڑے گا۔

پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے آئی او سے چیئرمین تک سب سے پوچھیں گے، کٹھ پتلیوں کا احتساب ضرور ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج روکنے کیلئے حکومت کو کورونا یاد آ جاتا ہے، عوام کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وبا کے ساتھ ساتھ سلیکٹڈ حکومت کا بھی خاتمہ ہو گا، حکومت جنوری تک کی مہمان ہے۔

بلاول نے کہا کہ خیبرپختونخوا بہادروں اور غیرت مندوں کی سرزمین ہے، پشاور نے آج اپنا ریفرنڈم  دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں، سوات اور وزیرستان میں پاکستان کا پرچم جمہوریت کی وجہ سے لہرا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سلیکٹڈ میں دہشتگردوں کے خلاف آواز اٹھانے کی ہمت نہیں تھی، خیبرپختونخوا کےعوام نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور ریاست کا ساتھ دیا، دہشتگردوں کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

حکومتی اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ

ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں کے ساتھ بہت وعدے کیے گئے لیکن آئی ڈی پیز کا خیال نہیں رکھا گیا، ان کو معاوضہ تک نہیں دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع تو خیبرپختونخوا میں ضم ہو گئے لیکن وہاں کے لوگوں کو ابھی تک حقوق نہیں ملے۔

بلاول نے کہا کہ ان کی نااہلی کی وجہ سے پہلے چینی اور پھر آٹے کا بحران آیا، پیٹرول کے بعد گیس کا بحران بھی  آنے والا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ باقی صوبوں کی طرح پختونخوا کو بھی این ایف سی ایوارڈ میں پورا حصہ نہیں دیا جا رہا، خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے کم دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران خیبرپختونخوا کے نمائندے نہیں، اس لیے ان کو صوبے کا خیال نہیں، خیبرپختونخوا کے وسائل سے یہاں کے عوام کو کچھ نہیں دیا جا رہا۔


متعلقہ خبریں