کورونا: 26 نومبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ


وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے ایک مہینہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود  نے اعلان کیا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ملک کے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شفقت محمود نے بتایا کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے  آن لائن  کلاسز  کا انعقاد کریں گے اور 11 جنوری سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث تمام  امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں جبکہ دسمبر میں ہونے والے امتحانات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی  ہاسٹلز کے طلبہ کی ایک تہائی حصہ ہاسٹلز میں قیام کرسکیں گے، ووکیشنل اداروں کو بند نہیں کررہے، ووکیشنل اداروں میں تربیت کا عمل جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مارچ یا اپریل میں ہونے والے بورڈ کے امتحانات  کو مئی میں کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے تعلیمی ادارے ایک ماہ کے لیے بند کرنے کی تجویز دی جس سے تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے اتفاق کیا۔

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسکولوں کی بندش کے دورانیے پر گفتگو کی گئی اور کورونا کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اساتذہ اور بچوں کی صحت سب سے پہلے ہے، صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہوا۔

کورونا: وفاق نے تعلیمی اداروں سے متعلق تجاویز صوبوں کو بھجوا دیں

قبل ازیں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا ایک اجلاس 16 نومبر کو ہوا تھا اور وزارت تعلیم نے کورونا کیسزبڑھنے پر  تعلیمی اداروں سے متعلق تجاویز صوبوں کو بھجوائی تھیں۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ کل تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کل بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہو گا جس میں تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام فیصلوں کا اعلان کل دن 1230 بجے ایک پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی سیشن، امتحانات اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق تین مختلف تجاویز صوبوں کی بھجوائی تھیں۔

تعلیمی ادارے بند کرنے کے حوالے سے پہلی تجویز میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کر دیا جائے یا پھر 24 نومبر سے پرائمری اسکولز، 2 دسمبر سے مڈل اسکولز جب کہ 15 دسمبر سے ہائیرسیکنڈری اسکولز کو بند کرنے کی تجویز دی گئی۔

اسی طرح وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی سیشن کو مارچ کے بجائے 31 مئی تک بڑھانے کی تجویز دی گئی۔

گلگت بلتستان کے تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کر دیئے گئے

امتحانات کے حوالے سے وفاقی وزارت تعلیم نے صوبوں کو تجویز دی تھی کہ میٹرک،انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جون 2021 میں لیےجائیں۔


متعلقہ خبریں