حلیم عادل شیخ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

سندھ: قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ این آئی سی وی ڈی منتقل

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر حلیم عادل شیخ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ  سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس  سے مزید 13 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 2829 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار 102 نئے کیسز سامنے آئے۔ سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 329 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 719 کیسز رپورٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا کے 510 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جب کہ 61 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جلسے کر کے عوام کی زندگی خطرے میں ڈال رہی ہے۔ کیسز ایسے ہی بڑھتے گئے تو لاک ڈاؤن کرنے پر مجبور ہو جائیں گے اور نتائج کی ذمہ دارپی ڈی ایم پر ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تشویشناک ہے۔ گزشتہ 15 دنوں میں وینٹی لیٹرز پر کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور اور ملتان میں وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا۔ کراچی 148، لاہور 114، اسلام آباد میں 65 فیصد مریض وینٹی لیٹر پر گئے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اسلام آباد اورملتان میں وینٹی لیٹر کا استعمال 70فیصد ہے۔ پشاور اور ملتان میں وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا کورونا کیسز بڑھنے پر اپوزیشن کیخلاف مقدمات کا اعلان


متعلقہ خبریں