تعلیمی ادارے بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں، سعید غنی

کراچی: اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین احتجاج ختم کرنے پہ آمادہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم تعلیمی ادارے بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ 

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ تعلیمی ادارے بند ہوں اور باقی جگہوں پر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہو۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران سعید غنی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات پر عمل درآمد ضروری ہے، تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق ہمارا موقف وہی ہے جو پہلے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: تعلیمی اداروں میں مثبت کیسزکی شرح3فیصد سے بڑھ گئی

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلے بھی یہی کہا تھا کہ کوئی ایسی حکمت عملی ہو جس کے تحت مضبوط اقدام اٹھایا جاسکے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ والدین ان بچوں کو اسکولز نہ لائیں جن کی طبیعت ٹھیک نہیں، ہر شخص کی اپنی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.8سے بڑھ کر 3.3 فیصد ہوگئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں مثبت کیسز کی شرح 82 فیصد رہی۔

تعلیمی اداروں میں بڑھتے کیسز کے پیش نظر آج صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس جاری ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، ملتان، لاہور اورفیصل آباد میں سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ کراچی اور حیدرآباد میں بھی کورونا کے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

پشاور،ایبٹ آباد اور سوات میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ آزادکشمیر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 11.45 فیصد ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ

بلوچستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.73، گلگت5.23، اسلام آباد8.09، خیبرپختونخوا9.85، پنجاب3.95 اور سندھ میں مثبت کیسز کی شرح 9.63 فیصد تک پہنچ گئی۔

 


متعلقہ خبریں