اپوزیشن کیخلاف قانون کے مطابق معاملات سے نمٹا جائے گا، ترجمان حکومت پنجاب


اسلام آباد: پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے خلاف قانون کے مطابق معاملات سے نمٹا جائے گا۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں لاک ڈاؤن کے لیے اپوزیشن منتیں کرتے تھے، آج ان کا دہرا معیار یہ ہے کہ ان حالات میں بھی لوگوں کو نکلنے کے لیے اکسایا جارہا ہے۔

مسرت چیمہ کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے حتمی فیصلے کے بعد ہی پنجاب حکومت   اپوزیشن جلسے پر کوئی قدم اٹھائے گی، پنجاب حکومت صرف این سی او سی کے حتمی فیصلے کی منتظر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کورونا وائرس میں تشویشناک حد تک اضافہ

انہوں نے کہا کہ رواں موسم کورونا کے لیے فیورٹ ہے اور مثبت کیسز کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، اپوزیشن حکومت کو مکمل لاک ڈاؤن کے لیے مجبور کر رہی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمہ کا کہنا تھا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سے پاکستان میں مزید34 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 7 ہزار696 ہوگئی ہے۔

کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حدتک اضافہ ہوا ہے جو7 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔   پنجاب میں راولپنڈی، ملتان، لاہور اور فیصل آباد میں سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

سندھ میں کراچی اور حیدر آباد میں زیادہ کیسزسامنے آئے۔ آزادکشمیر، میرپور، گلگت اور اسلام آباد میں بھی کیسز بڑھ رہے ہیں۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا کےمزید 2 ہزار 756 کیس رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3لاکھ 76ہزار929 تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا سےصحت یاب افراد کی تعداد3لاکھ30ہزار885 ہے اور 38 ہزار348 زیر علاج ہیں۔  کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: کورونا سےبچاؤ کیلئے حفاظتی سامان کی خریداری میں گھپلے

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد27 ہزار18، خیبرپختونخوا44 ہزار599، سندھ ایک لاکھ 63 ہزار329، پنجاب ایک لاکھ 14 ہزار508، بلوچستان 16 ہزار810، آزاد کشمیرمیں6ہزار123 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 542 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب  میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار861افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار829، خیبر پختونخوا ایک ہزار325، اسلام آباد327، گلگت بلتستان95، بلوچستان میں 161 اور آزاد کشمیر میں144 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں