شہباز شریف اور حمزہ کو کم از کم 2ہفتے پیرول پر رہا کیا جائے، رانا ثنااللہ



لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کم از کم دو ہفتے کے لیے پیرول پر رہا کیا جائے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے شمیم اختر کے انتقال کی خبر تک نہیں دی، حکومت احساس سے عاری ہے، معاملات کا ادراک نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے آج مانسہرہ میں جلسے کی تیاریاں مکمل

انہوں نے کہا کہ نوازشریف ملک میں  موجود نہیں ،شہبازشریف سے تعزیت کےلیے لوگ آئیں گے۔

ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پارٹی نے نواز شریف کو پاکستان نہ آنےکی تجویز دی، بیگم شمیم اختر کی تدفین کے لیے شہباز شریف یہاں موجود ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ شریف فیملی اس وقت بدترین انتقام کا سامنا کر رہی ہے، کل پشاور جلسے میں جو تقاریر ہوئیں وہ نواز شریف کے بیانیے سے بھی آگے ہیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ کی جانب سے پیرول کی درخواست ڈپٹی کمشنر کو جمع کرائی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو والدہ اور حمزہ شہباز کو دادی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے دو ہفتے کے لیے رہا کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثنااللہ کی نیب میں پیشی کی وجوہات: تفصیلات سامنے آگئیں

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اور حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں اور ان سے پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے دو ہفتے کی پیرول کی درخواست کی گئی ہے۔

مزید کہا گیا کہ اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ اس غم میں شریک ہونے کے لیے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے نماز جنازہ میں شرکت کے لیے دونوں رہنماؤں کو پہلے ہی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا تھا۔


متعلقہ خبریں