12 جولائی کے بعد سندھ میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ


کراچی: 12جولائی کے بعد سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ رواں سال 12 جولائی کو صوبے میں کورونا کے 1713 کیسزرپورٹ ہوئے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے  میں کورونا کے 1322 کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 64 ہزار 651 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے باعث 24 گھنٹوں کے دوران 16 اموات رپورٹ ہوئیں۔ سندھ میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 845 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق  صوبے بھر کے مختلف اسپتالوں میں 545 مریضوں کی حالت تشویشناک، جبکہ 67 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ 2جولائی  کے بعد کراچی میں کورونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے۔ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 65 کیسز رپورٹ ہوئے۔کراچی میں  کورونا کیسزکی مجموعی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 193 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس کے سے پاکستان میں مزید 34 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 7 ہزار696 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حدتک اضافہ ہوا ہے جو7 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔ پنجاب میں راولپنڈی، ملتان، لاہور اور فیصل آباد میں سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کورونا وائرس میں تشویشناک حد تک اضافہ

سندھ میں کراچی اور حیدر آباد میں زیادہ کیسزسامنے آئے۔ آزادکشمیر، میرپور، گلگت اور اسلام آباد میں بھی کیسز بڑھ رہے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار 756 کیس رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار 929 تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار 885 ہے اور 38 ہزار 348 زیر علاج ہیں۔  کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 27 ہزار 18، خیبرپختونخوا 44 ہزار 599، سندھ ایک لاکھ 63 ہزار 329، پنجاب ایک لاکھ 14 ہزار508، بلوچستان 16 ہزار 810، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 123 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 542 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب  میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار861 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار 829، خیبر پختونخوا ایک ہزار 325، اسلام آباد 327، گلگت بلتستان 95، بلوچستان میں 161 اور آزاد کشمیر میں 144 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں