موجودہ حکومت مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، مریم اورنگزیب


لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف ابھی تک جیل میں ہیں انہیں رہا نہیں کیا جا رہا جبکہ والدہ کی وفات سے بڑا صدمہ کوئی نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر معاملے میں ناکام ہو چکی ہے اور ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق تباہی کا سفر جاری ہے اور یہ رپورٹ حکومت کے خلاف فرد جرم ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ 5.8 فیصد سے 1.9 فیصد پر آ گئی ہے اور یہی حکومت رہی تو معیشت کا مزید برا حال ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کے پاس کرایہ دینے کے لیے اور بچوں کے لیے کوئی پیسہ نہیں ہے، 40 لاکھ لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو پیرول پر کل رہا کیے جانے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں