بھارت فالس فلیگ آپریشن جیسے اقدامات کر سکتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اقوام متحدہ، بھارت کے جاسوسی آپریشن کی تحقیقات کرے: پاکستان

اسلام آباد: ترجمان وزیر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے فالس فلیگ آپریشن جیسے اقدامات اٹھا سکتا ہے۔

زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان مخالف بھارتی ریاستی دہشت گردی اور منصوبہ بندی  کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے رکھے،  پیش کیے گئے ڈوزئیر کے بعد بھارتی حکومت نے پاکستان مخالف مہم کو تیز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی: بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزارت خارجہ کی غیرملکی سفیروں کو بریفنگ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کی ناکام کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی جھوٹا بیانیہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے سوا کچھ نہیں، پاکستان نے عالمی برادری کو بھارت کے ایسے اقدامات کے حوالے سے پہلے ہی سے آگاہ کر رکھا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرتا رہے گا اور بے بنیاد بھارتی پراپیگنڈے سے عالمی برادری کو گمراہ نہیں ہونے دے گا۔

زاہد حفیظ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو پاکستان کے پیش کردہ ڈوزئیر پر ایکشن لینا چاہیے۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا تھا کہ بھارتی مہم جوئی اور اقدامات سے امن کو خطرات لاحق ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ملکوں کے سفیروں کو بریفنگ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ  نے کہا کہ سفیروں کو پاکستان کے خلاف بھارتی دہشتگردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی: بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

ان کا کہنا تھا کہ  بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازش کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ قبل ازیں پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا تھا کہ دنیا کو بھارت کے گریٹ ڈیزائن کا نوٹس لینا چاہیے۔ بھارتی اقدامات کے باعث خطے کا امن داؤ پر لگ سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں