پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سختی سے تردید کر دی


اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنا خارج ازامکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اسرائیل سے متعلق موقف کھلا ہے، وزیراعظم عمران خان اسرائیل اور فلسطین سے متلعق ٹھوس موقف دے چکے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کا سعوی عرب کا خفیہ دورہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی عوام کی امنگوں کےمطابق مسئلے کے حل تک اسرائیل کو تسلیم کرنے کا جواز نہیں، پاکستان فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے پاکستان پر دباؤ کی رپورٹس مسترد

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں اور بیت المقدس بطور دارالحکومت کے آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے پاکستان پر دباؤ سے متعلق میڈیا رپورٹس مسترد کر دی تھیں۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے بیان میں کہا تھا کہ ذرائع ابلاغ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دیا گیا۔

وزیراعظم سے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے امریکی دباؤ ہے۔ وزیر اعظم نے واضح طور پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے، مسئلہ فلسطین کے قابل اطمینان حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا۔

ترجمان کے مطابق  وزیر اعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن سے جڑی ہے۔ وزیر اعظم کے بیانات معاملے پر پاکستانی موقف کی واضح تصدیق ہیں۔


متعلقہ خبریں