اسلام آباد: کورونا کیسز میں اضافہ، پمز اسپتال کی او پی ڈی بند

اسلام آباد: مزید 56 بچے کورونا وائرس سے متاثر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔

اسلام آباد میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز اور مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد شہر کے سب سے بڑے اسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی او پی ڈی بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ  کے مطابق کہ اسپتال کی مرکزی او پی ڈی کو کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔ بچوں کی او پی ڈی کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

وسیم خواجہ کا کہنا ہے کہ کورونا کی شدت ختم ہونے کے بعد پمز اسپتال کی دونوں اوپی ڈیز دوبارہ کھول دی جائیں گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 27 ہزار 9 سو 79 ہوگئی۔ شہر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 291 ہوچکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 59 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3لاکھ 82 ہزار 892 ہوگئی ہے اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار803 ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے 3 لاکھ 32 ہزار 974 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 42 ہزار 115 زیر علاج ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم

این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا میں 45 ہزار 314، سندھ میں ایک لاکھ 66 ہزار 33، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 786، بلوچستان میں 16 ہزار 891، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 316 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 573 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب  میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 904 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار 858، خیبر پختونخوا ایک ہزار 339، گلگت بلتستان 99، بلوچستان میں 164 اور آزاد کشمیر میں 151 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہرشروع ہو چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق ملک کے 15 شہروں میں کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کی جانب سے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

این سی او سی کے مطابق شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والے ماسک  لازمی پہنیں۔


متعلقہ خبریں