عامر نے بابراعظم کو ویرات کوہلی سے بہتر کھلاڑی قرار دے دیا


راولپنڈی: پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باولر محمد عامر نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے بہتر کھلاڑی قرار دے دیا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی تکنیک بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی نسبت زیادہ اچھی ہے، نیٹ پر بائولنگ کرتے ہوئے سمجھ ہی نہیں آتا کہ انہیں کیسے آؤٹ کیا جائے۔

محمد عامر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی شاندار باؤلر ہیں اور آنے والے وقتوں میں پاکستان کی کامیابیوں میں بے حد اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہین ہر فارمیٹ کھیلنے کے خواہاں ہیں ۔انہیں متواتر کھلانے سے انجریز کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔

فاسٹ بولر محمد عامر نے مکی آرتھر کو مصباح الحق سے بڑا کوچ قرار دیدیا

محمد عامر نے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکواڈ کا حصہ بننے کے لیے پرامید تھے تاہم یہ سلیکشن کمیٹی کا فیصلہ ہے، اب وہ اگلی سیریز کی تیاری کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے دورے میں کھلاڑیوں کے پاس ہیرو بننے کا موقع ہے اور پرفارم نہ کرنے والوں کی چھٹی بھی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزلینڈ کی پچز بیٹنگ کے لیے آسان نہیں ہوتیں جب کہ میدان چھوٹے ہونے کی وجہ سے بائولرز بھی مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں