نیوزی لینڈ: پاکستانی اسکواڈ کےکوروناٹیسٹ دوبارہ کرانےکا فیصلہ



 

قومی اسکواڈ کے 6افراد میں کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد نیوزی لینڈ حکام نے پورے اسکواڈ کے نمونے دوبارہ ٹیسٹ کیلئے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق جمعہ کو تمام اسکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کے لیے سیمپل لیے جائیں گے۔ ٹیسٹ نتیجہ منفی آنے پرقومی اسکواڈ کا 14 روزہ قرنطینہ شروع ہو گا۔

اسکواڈ کے قرنطینہ کے دوران بھی دو بارکورونا ٹیسٹ ہوگا۔ سی ای او پی سی بی وسیم خان نے نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ سے رابطہ کرکے تمام فراد کو پروٹوکولز پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں قوانین سخت ہیں۔ قرنطینہ میں رہ کر سخت حالات برداشت کر لیں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد ہوگا تو پھر ہی گھومنے پھرنے کی آزادی ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں:  قومی اسکواڈ کے6افرادکا کوروناٹیسٹ مثبت آگیا

سی ای او نے خبردار کیا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو نیوزی لینڈ حکومت واپس بھی بھیج سکتی ہے۔ اسکواڈ کے تمام اراکین اپنا خیال رکھیں، ہم جانتے ہیں یہ وقت مشکل ہے۔

وسیم خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ کوویڈ 19 میں سب سے زیادہ کرکٹ آپ نے کھیلی ہے۔ کوویڈ 19 کے مقرہ پروٹوکولز کا مکمل خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ یہ ٹور پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔

خیال رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ پر گئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل 6 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے قومی اسکواڈ کو عارضی طور پر پریکٹس سے روک دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق قومی اسکواڈ میں شامل بعض افراد نےایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا پروٹوکولز پر عمل درآمد یقینی بنانا لازمی ہے، ہمارے لیے سب سے اہم عوام کا تحفظ ہے۔


متعلقہ خبریں