ملتان میں 30 نومبر کو پی ڈی ایم جلسہ کی درخواست مسترد

فوٹو: فائل


ملتان: ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے 30 نومبر کو ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسہ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ملتان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت پنجاب نے عوامی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ کورونا وائرس کیسز میں اضافے کا باعث بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم رہنما ریاستی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں، عثمان ڈار

قبل ازیں رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں اور احتجاج کو روکنے کے لیے رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے جبکہ کورونا اور دیگر بہانوں کا ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کسی کے جنازے پر سیاست نہیں بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کےصدر رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کا کورونا مثبت آیا کیا حکومت کے پاس ان لوگوں کا ڈیٹا ہے جو جلسوں میں متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پروپیگنڈا کر رہی ہے جس کے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں۔ حکومت کو کورونا کے معاملے میں حزب اختلاف سے مشاورت کرنی چاہیے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ سیاست کو دشمنی میں لے جائیں تو اخلاقیات ختم ہو جاتی ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف کو دو ہفتوں کا پیرول دیا جائے۔ شہباز شریف قائد حزب اختلاف ہیں اور پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کے لیے آنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان صرف اقتدار کا اختلاف ہے، سراج الحق

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے میں شرکت کریں گے اور ہماری دعا ہے اللہ تعالیٰ بلاول بھٹو کو جلد صحتیاب کرے۔


متعلقہ خبریں