وزیراعظم کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اجلاس، آرمی چیف کی شرکت


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے۔ کراچی میں برساتی پانی سے ہونے والے نقصانات کا سبب نالوں پرغیر قانونی تعمیرات ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے پہلے مستحق مکینوں کیلئے پیشگی متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس  کے دوران وزیراعظم نے کے فور منصوبے کی استعداد سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 100 سے زائد منصوبوں کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے۔ منصوبے 1.117 ٹریلین روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبوں کو تکمیلی مراحل کے اعتبار سے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اجلاس کوکو ان منصوبوں پر اب تک ہونے والے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلووے شیخ رشید، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا اور مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزرا اسد عمر اور علی زیدی کو اراکین اسمبلی نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر اپنی تجاویز پیش کردی ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی کے منصوبوں پر 62 فیصد رقم وفاق، 38 فیصد سندھ حکومت خرچ کریگی

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں ان سے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے دونوں وفاقی وزرا کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر اپنی تجاویز سے آگاہ کردیا۔

ہم نیوز کو اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے دوران ملاقات اراکین اسمبلی پر واضح کیا کہ ٹرانسفارمیشن پلان کے 1100 ارب میں سے 62 فیصد حصہ وفاق کا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمیشن پلان کے 1100 ارب میں سے 38 فیصد حصہ حکومت سندھ کا ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا کراچی کیلئے 11 سو ارب روپے پیکج کا اعلان

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے منصوبوں پر 62 فیصد رقم وفاق اور 38 فیصد سندھ حکومت خرچ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے مکمل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سیاست الگ رکھیں۔ انہوں ںے زور دے کر کہا تھا کہ عوامی خدمت کے لیے ایک پلیٹ فارم پر آکر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اختیارات تقسیم ہیں جس کی وجہ سے مسائل ہوئے۔


متعلقہ خبریں