شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیرول پر رہا


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کردیا گیا۔ 

پنجاب حکومت نے دونوں رہنماؤں کو پانچ روز کیلئے پیرول پر رہائی دی ہے۔ کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے۔ پیرول پر رہائی کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن یا جاتی امرا جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق جیل سے رہائی ملتے ہی نوازشریف اور شہبازشریف کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے والدہ کی تدفین کے شہباز شریف کو انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ نواز شریف نے شہباز شریف کو میت کے ساتھ آنے والے رشتہ داروں سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی آج سے یکم دسمبر تک ہوگی۔ پنجاب حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978 کے سیکشن 545 بی کے تحت رہائی کی اجازت دی۔

اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انسانی ہمدردی کے ناطے پیرول پر رہا کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کرنے کا فیصلہ

ہم نیوز کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی رائیونڈ میں ظہر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی۔

دوسری سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب  شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق مرحومہ شمیم اختر کی میت پاکستان روانگی کیلئے ایمبولینس کے ذریعے ایئر پورٹ روانہ کردی گئی ہے۔

لندن میں کورونا لاک ڈاؤن قوانین کے تحت 30 افراد کو نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ نماز جنازہ میں نوازشریف، اسحاق ڈار، حسن نواز، حسین نواز، سلمان شہباز اور علی ڈار، علی عمران سمیت خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں لندن: بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ صبح گیارہ بجے ادا کی جائیگی

شریف خاندان کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اخترکی میت برٹش ایئرویزکی پروازبی اے 0259 سے لاہور کے لیے روانہ کردی گئی۔

قبل ازیں پنجاب کابینہ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی  پانچ روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبائی وزراء سے تھرو سرکولیشن شہباز شریف کو والدہ اور حمزہ شہباز کو اپنی دادی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری لی۔

ہم نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دونوں لیگی رہنماؤں کی  پیرول پر رہائی نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت کے پاکستان پہنچنے کے وقت سے شروع ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: مرحومہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ ہفتہ کو ادا کی جائیگی، مریم اورنگزیب

پرول سمری کے تحت رہائی ملنے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز ضلع نہیں چھوڑ سکیں گے۔ پولیس اہلکاروں کو دونوں کی حفاظت کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ رہائی کے وقت میں جیل واپسی کا سفر شامل نہیں ہو گا۔


متعلقہ خبریں