وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ایڈووکیٹ خالد خورشید کا نام فائنل

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ایڈووکیٹ خالد خورشید کا نام فائنل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ایڈووکیٹ خالد خورشید کا نام فائنل کردیا ہے۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے خالد خورشید کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے ایڈوکیٹ خالد خورشید اور گلگت حلقہ 2 سے کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی رہنما فتح اللہ کا نام وزیر اعظم عمران خان کو بھیج دیا گیا تھا۔

ایڈووکیٹ خالد خورشید گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ 13 استور 1 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔ خالد خورشید ضلع استور کے علاقے رٹو سے تعلق رکھتے ہیں۔

ایڈووکیٹ خالد خورشید گلگت بلتستان کے چیف کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ خورشید کے صاحبزادے ہیں۔ خالد خورشید نے  2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے امجد زیدی گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر اور ںذیر احمد ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔

گللگت بلتستان اسمبلی کے 33 اراکین اسمبلی نے ووٹ ڈالے تھے۔ امجد زیدی نے 18 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ا اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار اور پاکستان مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے غلام محمد کو 8 ووٹ ملے تھے۔ اسپیکر کے انتخاب کے لیے ڈالے گئے ووٹوں میں سے 6 ووٹ مسترد ہو گئے تھے۔

سابق اسپیکر فدا محمد ناشاد نے نو منتخب اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سے عہدے کا حلف لیا تھا۔

پی ٹی آئی کے نذیر احمد  22 ووٹ لیکر گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار رحمت خالق نے 9 حاصل کیے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: نو منتخب اسمبلی میں گرینڈ اپوزیشن الائنس تشکیل

اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا تھا۔ حلف برداری اسمبلی حال گلگت میں منعقد ہوئی تھی۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے تمام 33 اراکین نے عہدے کا حلف اٹھالیا تھا۔

گلگت بلتستان اسمبلی میں  پاکستان تحریک انصاف 16 جنرل اور 4 مخصوص نشستوں کے ساتھ  سرفہرست ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے دو مخصوص نشستوں سمیت 5 نشستیں حاصل کی ہیں۔  پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین دو نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ نواز نے خواتین کی ایک مخصوص نشست سمیت 3 نشستیں حاصل کی ہیں۔ انتخابات میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت مجلس وحدت المسلمین نے ایک جنرل اور تحریک انصاف کے کوٹے سے ایک ٹیکنو کریٹ اور ایک خاتون نشست حاصل کی ہے۔

گلگت بلتستان اسمبلی میں قوم پرست تنظیم بالاورستان نیشنل فرنٹ کی ایک سیٹ ہے۔


متعلقہ خبریں