بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی


لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی رائے ونڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ علامہ راغب نعیمی نے پڑھائی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، مصدق ملک ،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرو دیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

قبل ازیں جاتی عمرہ میں خاندان کے افراد نے بیگم شمیم اختر کا آخری دیدار کیا،بیگم شمیم اخترکی رسم قل اتوار کوادا کی جائے گی جس میں صرف اہلخانہ شرکت کریں گے۔

نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی میت آج صبح لندن سے لاہور لائی گئی تھی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بیگم شمیم اختر کی میت ائرپورٹ پر وصول کی۔ جس کے بعد میت کو جاتی امرا پہنچایا گیا۔

بیگم شمیم اختر 22 نومبر کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

لندن سے روانگی سے قبل نواز شریف اور شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی تھی اور وہاں سے میت پاکستان روانگی کے لیے ایمبولینس کے ذریعے ایئر پورٹ روانہ کی گئی۔

لندن میں کورونا لاک ڈاؤن قوانین کے تحت 30 افراد کو نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ نماز جنازہ میں نوازشریف، اسحاق ڈار، حسن نواز، حسین نواز، سلمان شہباز اور علی ڈار، علی عمران سمیت خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔

شریف خاندان کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اخترکی میت برٹش ایئرویزکی پروازبی اے 0259 سے لاہورکے لیے روانہ کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں