پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششیں تیز

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کوششیں تیز کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو لاہور میں کھیلنے کی دعوت دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کیویز کو پاکستانی گراؤنڈز میں لانے کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو ٹی ٹوینٹی سیریز کھیلنے کی دعوت دی گئی ہے۔

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز اکتوبراور نومبر میں کھیلنی ہے۔ اس دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹوینٹی میچز میں مدمقابل ہوں گی۔

2009 کے بعد طویل عرصہ تک بین الاقوامی کرکٹ سے محروم رہنے والے پاکستانی میدان آباد ہو چکے ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان سپر لیگ سمیت متعدد بین الاقوامی ٹیمیں لاہور اور کراچی میں میچز کھیل چکی ہیں۔

مئی 2015 میں زمبابوے کرکٹ ٹیم نے سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔  پاکستان اور زمبابوے نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے تھے۔

گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم بھی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان کا دورہ کر چکی ہے۔ کیریبئین ٹیم نے تینوں میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے تھے۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے اور تیسرے ایڈیشنز کے فائنل مقابلے بھی پاکستان میں منعقد کئے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں