کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک چار ملزمان کی لاشیں اہلخانہ کے حوالے

کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک چار ملزمان کی لاشیں اہلخانہ کے حوالے

کراچی:  کراچی کے علاقے ڈیفنس فور میں گزشتہ روز مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے  پانچ میں سے چار ملزمان کی لاشیں اہلخانہ کے حوالے کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق رات گئے پولیس لیٹر فراہم کرنے کے بعد سردخانے میں رکھی گئیں چار ملزموں  کی لاشیں  ان کے  لواحقین کے سپرد کردی گئیں۔ ان  میں غلام مصطفیٰ، عابد ، ریاض اور عثمان شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مبینہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے  ملزم محمد عباس کی لاش تاحال چھیپا سرد خانے میں موجود ہے۔

جمعہ کی صبح  ڈیفنس فیز فور میں پولیس کے ساتھ مبینہ  مقابلے میں  پانچ ملزم ہلاک ہوگئے تھے۔ایک ہلاک ملزم محمد عباس  ایک بنگلے میں ڈرائیور تھا۔ مالکان نے مقابلے کو جعلی قرار دیا تھا جبکہ  پولیس کا کہنا تھا کہ عباس کے ڈکیت گینگ سے رابطے تھے۔

مزید پڑھیں: لاہور میں مبینہ پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر طالبہ جاں بحق، 3 ڈاکو گرفتار

ڈیفنس میں امام بارگاہ یثرب کے قریب واقع بنگلے کے مالکان علی حسنین  اور لیلیٰ پروین نے مقابلے  کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ  رات ساڑھے چار بجے گھر پرپولیس اور سادہ لباس میں اہلکار آئے۔

علی حسنین کے مطابق ان کی ساس، نند  اور   ڈرائیور عباس گھر پر موجود تھا۔ پولیس ا ن کے ڈرائیور اور گاڑی کو ساتھ لے گئے اور مبینہ طور پر  ڈرائیور کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے پولیس گشت کرتے ہوئے ڈیفنس فیز 4 کے بنگلے میں پہنچی اور ایک ویگو گاڑی کومشتبہ سمجھتے ہوئے روک کرچیک  کیا۔ گاڑی میں موجود افراد بنگلے کی دیوار کود کر اندر چلے گئے۔

پولیس کے مطابق گشت کرنے والی پولیس ٹیم نے پیچھا کرتے ہوئے گھیراوَ کیا اور بنگلےمیں داخل ہوگئی۔ ملزمان نے پولیس پرفائرنگ کی،جوابی فائرنگ میں 5 ملزمان زخمی ہوئے۔ اسپتال منتقل کرتے ہوئے ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مارے گئے ملزمان 11 رکنی گروہ کی صورت میں وارداتیں کرتے تھے۔ گروہ کے 6 افراد جیل میں ہیں۔ گروہ کا سرغنہ پنجاب میں جلال پور تھانہ سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔


متعلقہ خبریں