جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی کورونا ضرور آئے گا، فردوس عاشق

شہباز شریف نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی، فردوس عاشق اعوان

فوٹو: فائل


لاہور: معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی لیکن کورونا ضرور گھر آئے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حزب اختلاف ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے اور حزب اختلاف کا غیر فطری اتحاد کورونا کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی لیکن کورونا ضرور گھر آ رہا ہے اور عقل سے ناپید حزب اختلاف کے جعلی لیڈروں کو صورتحال کا ادراک نہیں۔ ایک شہزادہ کورونا کا شکار ہو کر اپنے محل میں بیٹھا ہے لیکن پھر بھی جلسوں پر بضد ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جاتی امرا کی مہارانی کو عوام سے نہیں اقتدار سے غرض ہے۔ پشاور جلسے کے بعد کورونا کیس بڑھ گئے لیکن انہیں احساس ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں ایک بار پھر تماشہ لگایا جا رہا ہے لیکن عوام کے جان و مال کا تحفظ بزدار حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ ہو کر رہے گا، بلاول بھٹو

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے اور کورونا وبا کے دوران عوام کی زندگی خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسوں کی پرواہ نہیں مگرعوام کی زندگی کا تحفظ بلاتفریق مقدم ہے۔


متعلقہ خبریں