افغانستان: فوجی اڈے پر خودکش حملہ، متعدد سیکیورٹی اہلکار ہلاک

افغانستان: فوجی اڈے پر خودکش حملہ، متعدد سیکیورٹی اہلکار ہلاک

فائل فوٹو


افغانستان کے صوبےغزنی میں خود کش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 20 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

افغان حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے دھماکے خیز مواد سے بھری گاڑی عمارت سے ٹکرائی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق غزنی کے مضافات میں واقع ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

بی بی سی کے مطابقغزنی پولیس کے ترجمان احمد خان سیرت نے حملے کی تصدیق کی ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرین کا کہنا ہے کہ ایک خودکش بمبار نے غزنی کے ضلع دہ یاک میں اپنی بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔

اسپتال ذرائع نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں زیادہ تر فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ غزنی میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ حالیہ چند ماہ کے دوران افغان سکیورٹی فورسز پر یہ خونریز ترین حملہ ہے۔

طلوع نیوز کے مطابق حملہ کے وقت اڈے پر فوجی کمانڈر بھی موجود تھے۔ کسی بھی جنگجوگروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

غزنی اسپتال کے ڈائریکٹر باز محمد ہمت نے بی بی سی کو بتایا کہ علاج کیلئے لائے گئے تمام متاثرین سیکیورٹی اہلکار ہیں۔

قبل ازیں21 اکتوبر کو افغانستان کے شمال میں صوبہ تخار میں ایک حملے میں کم از کم 34 افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں