سیاسی قیادت شہریوں کی مشکلات سمجھنے سے قاصر ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت شہریوں کی مشکلات سمجھنے سے قاصر ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت کورونا جیسی صورتحال کا سامنا ہے لیکن سیاسی قیادت عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو سمجھنے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت نےعام شہریوں کی بہتری کے لیے کسی بھی اہم کام میں حصہ نہیں لیا اور اب کورونا میں ہمارا مقابلہ ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو جمہوری جدوجہد سے نہیں گزرے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے خاندانوں کے لیے لوٹی دولت بچانا ان کا واحد مایوس کن مقصد ہے۔ ہم نے غریبوں اور معیشت کو تباہی سے بچانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاوَن کیا تھا لیکن انہوں نے اسمارٹ لاک ڈاوَن کی مخالفت کی اور ان رہنماوَں نے مکمل لاک ڈاوَن کا مطالبہ کیا تھا لیکن اب دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے تو یہ جلسے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی زندگی اور تحفظ  کا خیال کیے بغیر جلسے کرنا چاہتے ہیں۔ یہ این آر او کے لیے دباؤ کو آخری ذریعہ سمجھتے ہیں جو کبھی نہیں ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ ان کو عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں ہے اور انہوں نے قومی دولت لوٹ کر عوام کو مزید غریب بنا دیا ہے۔ اپوزیشن کے نام نہاد لیڈرز شاہانہ زندگی بسر کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں