’ پاکستان ڈیمولشنگ موومنٹ ملک دشمنی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے‘

پی ڈی ایم بڑھکیں نہ مارے، سڑکوں پر آکر دکھائے، فیاض چوہان

فوٹو: فائل


لاہور: وزیرکالونیزوجیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمولشنگ موومنٹ ملک دشمنی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے۔

پی ڈی ایم کے ملتان جلسے سے متعلق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپشن، لوٹ مار اور ٹکےماری بچانے کے لیے اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کوعوام کا درد ہوتا تو موجودہ حالات میں جلسہ نہ رکھتے۔

پی ڈی ایم جلسہ: جو بھی راستے میں آیا اس کی قوت توڑیں گے، فضل الرحمان

ان کا کہنا تھا کہ بیگم صفدراعوان، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام پی ڈی ایم قیادت کے کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں، مجھے قوی امید ہے کہ ان سب کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ مثبت آنے پر ساری پی ڈی ایم قیادت کو ان کے گھروں میں محبوس کیا جائے،زرداری خاندان کے گھر میں دعوت کے لیے ٹیسٹ اور عوام کو جلسوں کی ترغیب ان کا دوہرا معیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام اور اپنی ذات کی حفاظت کے دوہرے معیار رکھنے والے قوم کے مخلص کیسے ہو سکتے ہیں؟ عوام نے ان کے ملک دشمنی ایجنڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں