ملتان جلسہ: پی ڈی ایم قائدین ایک ہی کنٹینر پر موجود، تقاریر کا سلسلہ جاری


ملتان: ملتان کے قاسم باغ اسٹیڈیم میں جگہ نہ ملنے کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملتان کے گھنٹہ گھر میں پنڈال سجا لیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز، پاکستان پیپلز پارٹی کی آصفہ بھٹو اوردیگر قائدین ایک ہی کنٹینر پر موجود ہیں جبکہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی مرکزی جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں۔

گھنٹہ گھر چوک میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ آصفہ بھٹو اور مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر جیالوں اور متوالوں کے نعروں کا جواب دیا۔

پی ڈی ایم کے دیگر رہنماؤں میں محمودخان اچکزئی، میاں افتخار، اخترمینگل اور اویس نورانی بھی جلسہ گاہ میں موجود ہیں۔  مرکزی کنٹینر سے تقریروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں۔ ملتان میں سیاسی پارہ گزشتہ3 دن سے مسلسل بڑھ رہا ہے اورعلی قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ملتان کے گھنٹہ گھر چوک کو آنے والے تمام راستے بند کردیئے گئے تھے تاہم کارکن رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچ گئے۔

ملتان کے گھنٹہ گھر چوک میں پولیس اور لیگی کارکنوں کا آمنا سامنا بھی ہوا۔ ن لیگی رہنام راناثنا اللہ پولیس کے ہاتھ نہ آئے۔ مگر متعدد کارکنوں کو دھر لیا گیا۔ شہر کے مرکزی چوک کو آنے والے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی رہنما علی قاسم گیلانی درجنوں کرکنوں سمیت پولیس کی تحویل میں ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں کے خلاف مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

اس سے قبل ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ جلسہ ناکام بنانے کے لیے راستے بند کردیئے گئے ہیں۔ حکومت غیر قانونی راستے اختیار کررہی ہے، سلیکٹڈ ووٹ چورٹولہ جلسے روکنے کیلئے سرتوڑ کوشش کررہا ہے، لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا پی ڈی ایم کا آج ملتان میں جلسہ ہو کر رہے گا ۔ جو بھی راستے میں آیا اس کی قوت توڑیں گے۔

کارکنوں کو ڈنڈا استعمال کرنے والوں کے خلاف ڈنڈا اٹھانے کی اجازت ہے۔ جلسہ گاہ کا رخ نہ کر سکے تو جیلیں بھر دیں گے۔

حکومت چاہتی ہے ہم جنوری سے پہلے لانگ مارچ کریں۔ جلد اسلام آباد پہنچ کر حکومت کو اس کی اوقات بتائیں گے۔


متعلقہ خبریں