احسن اقبال پر 7 دسمبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی، عدالت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پر 7 دسمبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال سمیت تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کریں تاکہ فرد جرم کی تاریخ مقرر کریں۔ جس کے بعد عدالت نے احسن اقبال پر آئندہ سماعت میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیب نے احسن اقبال کے خلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا۔ ریفرنس کے متن میں کہا گیا کہ احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

نیب ریفرنس کے مطابق احسن اقبال نے وفاقی حکومت کے فنڈز صوبائی منصوبے میں خرچ کروائے، ریفرنس میں سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا بھی ملزم نامزد ہیں۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی ٹرائل کے سلسلے میں آج پھر پیش ہوا ہوں اور یہ وہ انتقامی کارروائیاں ہیں جن کی وجہ 2018 تک کے ترقیاتی کام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس شخص نے اس ترقی میں حصہ ڈالا ان کو آج جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے اور دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ ادارے وزیر اعظم کے ماتحت ہیں وہ مجھ پر کرپشن ثابت کر کے دکھائیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے اور ملک میں اسپورٹس سٹی بنانا جرم بن گیا ہے تاہم اگر عالمی معیار کا اسٹیڈیم بنانا جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔

نیب کے مطابق احسن اقبال نے بطور وزیر منصوبہ بندی اختیارات کا نا جائز استعمال کیا اور نارووال اسپورٹس منصوبے کی لاگت کو غیرقانونی طور پر بڑھایا۔ ساڑھے 3 کروڑ روپے کے منصوبے کی لاگت 10 کروڑ روپے تک پہنچ گئی اور لاگت بڑھانے کی اجازت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی سے نہیں لی گئی۔


متعلقہ خبریں