پنجاب: سوشل سیکیورٹی اسپتالوں میں عام مریضوں کا مفت علاج ہوگا


لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کی بھی پوری دیکھ بھال کی جائے گی۔ پنجاب میں لیبر ورکرز کو انصاف صحت کارڈ بھی فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں آؤٹ ڈور اور ان ڈور میں بھی عام مریضوں کے علاج معالجے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس ضمن میں قابل عمل سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ  پنجاب  نے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔ فیکٹریوں کی انسپکشن ختم کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں “انسپکٹر لیس رجیم” متعارف کرانے کیلئے قابل عمل تجاویز طلب کی گئیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ لیبر سے حتمی پلان طلب کر لیا۔لیبرانسپکٹرز کی آئندہ تعیناتیاں پرفارمنس کی بنیاد پر ہوں گی۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کو صحت انصاف کارڈ کے اجرا میں مشکلات کا سامنا

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی تھ کہ وہ صحت انصاف کارڈ سے مستحق افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد  نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں صوبے میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

وزیرصحت پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا تھا کہ عوام نے صحت کارڈ سے متعلق حوصلہ افزا ردعمل دیا۔ صحت انصاف کارڈ سے مستحق افراد کو ریلیف ملا۔

وزیراعظم عمران خان نے عوام کے مثبت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحت انصاف کارڈ سے طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان اور صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کی سہولیات سے متعلق عوامی ردعمل پر بات چیت کی تھی۔


متعلقہ خبریں