اضافی فنڈز کیلئے وزارت قومی صحت کا وزیراعظم کے نام مراسلہ

اضافی فنڈز کیلئے وزارت قومی صحت کا وزیراعظم کے نام مراسلہ

اسلام آباد: کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر وزارت قومی صحت  نے  وزیراعظم عمران خان سے ساڑھے 59 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز مانگ لیے۔

وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے گئے مراسلے میں قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ نئے آئیسولیشن سنٹرز کیلئے اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں۔ اضافی فنڈز سے آئیسولیشن سینٹرز میں مریضوں کیلئے 150 اضافی بیڈز میسر آئیں گے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے پیش نظر آئیسولیشن اسپتال کی استعدادکار بڑھانی ہے۔ آئیسولیشن اسپتال کی استعدادکار 50 سے 100 بیڈز کرنی ہے۔ آئیسولیشن اسپتال کیلئے 54 کروڑ روپے فنڈز درکار ہیں۔

مزید پڑھین: قومی ادارہ صحت کا اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متعلق ریسرچ  سروے کا آغاز

وزارت صحت کے مراسلے کے مطابق فیڈرل جنرل اسپتال اسلام آباد میں 100 بیڈز کا آئیسولیشن سینٹرقائم کیا جائے گا۔ فیڈرل جنرل اسپتال اسلام آباد میں طبی سہولیات بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ایف جی ایچ کیلئےطبی آلات این ڈی ایم اے فراہم کرے گی۔

مراسلے کے مطابق فیڈرل جنرل اسپتال کیلئے 53 ملین روپے کے فنڈز درکار ہیں۔ وزارت صحت کی تکنیکی گرانٹ کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) بھجوانے کی اجازت دی جائے۔ وزیراعظم بطور انچارج سمری ای سی سی بھجوانے کی اجازت دیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں ہونے والی اموات کی شرح2.02 فیصد ہوگئی ہے جبکہ عالمی سطح پر یہ تعداد2.32 فیصد ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا سے جاں بحق 76 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے زائد ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سےجاں بحق 72 فیصد کورونا مریض دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھے۔ کورونا سے جاں بحق افراد میں سے 91 فیصد کا انتقال اسپتالوں میں ہوا۔ اسپتالوں میں کورونا کے زیر علاج 58 فیصد مریضوں وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں 5 ہزار82 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاوَن کیا گیا ہے۔ پنجاب میں ایک ہزار 459، سندھ 206، خیبرپختونخوا 82، اسلام آباد3205، گلگت بلتستان30 مقامات پر لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.53 فیصد ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے5شہروں میں کورونا تیزی سے پھیلنے کا انکشاف

این سی او سی کے مطابق میرپور میں سب سے زیادہ 27.75 فیصد مثبت کیسز سامنے آئے۔ مظفر آباد 23.44، حیدر آباد 18.21، آزادکشمیر 21.3، پنجاب 4.84، سندھ 14.04، بلوچستان 11.95، اسلام آباد 6.62، خیبرپختونخوا 5.57، گلگت بلتستان 3.43، لاہور 6.19، راولپنڈی 4.83، فیصل آباد 3.14، کراچی 17.95، پشاور 18.09،سوات 5.81، ایبٹ آباد 6.22 اور کوئٹہ میں مثبت کیسز کی شرح 9.09 فیصد ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اس وقت کورونا کے 2 ہزار 46 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔


متعلقہ خبریں