حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے، مولانا فضل الرحمان


ملتان: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کوعوام نظرنہیں آتے تو جلسہ کیا نظر آئے گا، حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے۔ عوام کے معاملات سے حکومت لاتعلق ہوگئی ہے۔

ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملتان کے عوام  نے سلیکٹڈ حکومت کو مسترد کردیا۔ 8 دسمبر کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہو گا، ہماری نظریں اب لاہور کے جلسے پر ہوں گی۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ کامیاب جلسے پر یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں نے بہت قربانی دی۔یوسف رضا گیلانی کے بیٹے پولیس گردی کا نشانہ بنے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کارکنوں نے خلوص کا مظاہرہ کیا،مشکل حالات میں قاسم باغ تک پہنچے۔ آج بھی کہتاہوں حکومت ناکام اور نااہل ہے ،ہم کسی سے گھبرائے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں طے ہوگی۔ اجلاس میں تمام زمینی حقائق پر غور کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مودی کو کشمیر دے دیا اب اسرائیل کو فلسطین دے رہے ہیں۔ قبلہ اول امانت ہے اور اسے حضرت عمرؓ نے حاصل کیا۔ امت کو فلسطین کی آزادی کی بات کرنی چاہیے۔آج اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کے سیاستدان ہوسِ اقتدار میں اندھے ہو چکے ہیں، فردوس عاشق

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ  ملتان جلسہ روکنے کیلئے پی ڈی ایم کارکنوں کو جیلوں میں ڈال گیا، اب وزرا کے بیانات آرہے ہیں کہ پکڑ دھکڑ اور پابندیوں کا غلط فیصلہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اتنی پابندیاں اور پکڑ دھکڑ تو آمروں کے دور میں بھی نہیں ہوئی۔ اتنی پکڑ دھکڑ کے بعد اب کہتے ہیں کہ جلسی تھی۔ ہمیشہ تنقید ہوتی ہے کہ لیڈر اپنے بچے نہیں نکالتے۔ کہا جاتا ہے کہ لیڈرز دوسروں کے بچوں کو ڈھال بناتے ہیں لیکن ملتان میں سب فرنٹ پر تھے۔ ہائیکورٹ کے فیصلےسے حکومتی موقف کمزور ہوا۔

دوسری جانب ملتان میں پی ڈی ایم کے 46 کارکنوں کی 30 روزہ نظر بندی ختم کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان کے حکم پر پی ڈی ایم کے کارکنوں کو رہا کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملتان پولیس نے نقص امن کے الزام میں پی ڈی ایم کے کارکنوں کو نظر بند کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں