کراچی: اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا ریلوے ٹریک پر دھرنا، ٹرینیں تاخیر کا شکار


کراچی: پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے بن قاسم ریلوے ٹریک بلاک کردیا، جس کے سبب اندرون ملک سے آنے اور جانے والی 14 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

پاکستان اسٹیل سے برطرف ہونے والے ملازمین نے پہلے جناح گیٹ پر احتجاج کیا اور سڑک  پر دھرنا دیا، جس سے ٹریفک جام ہوگئی۔ مظاہرین بعد میں ریلوے لائن پہنچے اور وہاں دھرنا دے دیا، جس سے اندرون ملک سے آنے اور جانے والی چودہ  ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہے۔

برطرف ہونے والے ملازمین کے دھنرے کے سبب کراچی سے لاہور، راولپنڈی اور ملتان جانے والےٹرین روانہ نہ ہوسکیں۔ دھرنے کے سبب علامہ اقبال، عوامی اور بہاوالدین ذکریا ایکسپریس بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کے دھرنے کے باعث گرین لائن، ہزارہ ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، فرید ایکسپریس، بزنس ٹرین، خیبر میل، شالیمارایکسپریس سمیت دیگر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

دوسری کجانب پاکستان ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا ہے۔

اس سے قبل  ڈپٹی کمشنر ملیراور ایس پی ملیر راوَ اسلم نے دھرنا دینے والے ملازمین سے مذاکرات  کیے تاہم احتجاجی ملازمین  نے احتجاج ختم کرنے سر انکار کیا۔

مزید پڑھیں: اسٹیل ملز: برطرف ملازمین کو فی کس 23 لاکھ روپے دیے جائیں گے، حماد اظہر

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹیل ملز کے 4 ہزار 544 ملازمین کو نکال دیا گیا تھا۔

ترجمان پاکستان اسٹیل ملز نے بتایا ہے کہ نکالے جانے والے ملازمین کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ گروپ 2-3-4 کے ملازمین کو فارغ کیا گیا جن میں ٹیچرز، ڈرائیورز، فائرمین، آپریٹرز، صحت عامہ اور سیکیورٹی اسٹاف شامل ہیں۔

ترجمان پاکستان اسٹیل ملز نے بتایا تھا کہ نکالے جانے والے ملازمین میں ڈی سی ایز، ایس ای ڈی جی ایم، اور مینیجرز کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔تمام ملازمین کو بذریعہ ڈاک نوٹس بھیجے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم کے مشیر برائے سادگی مہم و ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا تھا کہ قومی ایئر لائن کے ملازمین کی تعداد 14 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار اور پاکستان اسٹیل ملز کو لیز کرنے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹرعشرت حسین نے کہا تھا کہ اسٹیل ملز کی 19 ہزار ایکڑ زمین حکومت اپنے پاس ‏رکھے گی، جبکہ 1200 سو ایکڑ زمین اسٹیل ملز کی ملکیت ہوگی جسے لیز پر دے کر پیدوار ‏‏3 ملین ٹن تک لیکر جائیں گے۔


متعلقہ خبریں