اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا، مریم اورنگزیب


لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کی  تیاریاں شروع کردی ہیں، حکومت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی مقامی قیادت کا  اجلاس ہوگا، اجلاس میں  جے یو آئی ف کے رہنما غفور حیدری بھی شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم جلسے سے متعلق مشاورت ہوگی اور لاہور میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں کامقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ ناکام بنانے کے لیے راستے بند کر دیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جلسہ روکنے کے لیے حکومت غیر قانونی راستے اختیار کر رہی ہے۔ کورونا میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو ہی کیوں جلسے نہ کرنے کا کہا جاتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کورونا ہی میں اسدعمر، فردوس عاشق اعوان اور خود وزیر اعظم جلسے کرتے ہیں اور اب یہ سلیکٹڈ ووٹ چور ٹولہ جلسے روکنے کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہا ہے جبکہ پی ڈی ایم کے کسی بھی جلسے میں گملہ تک نہیں ٹوٹا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ پاکستان ڈیمولشنگ موومنٹ ملک دشمنی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے‘

انہوں نے کہا کہ لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں جبکہ ہمارا احتجاج پرامن اور عوامی مفاد کے لیے ہو گا۔


متعلقہ خبریں