حویلیاں حادثہ طیارے کے دونوں انجن کی خرابی کے باعث پیش آیا، ترجمان پی آئی اے


اسلام آباد: پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ حویلیاں حادثہ طیارے کے دونوں انجن کی خرابی کے باعث پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: حویلیاں حادثہ، ابتدائی رپورٹ، طیارے میں تکنیکی خرابیوں کی نشاندہی

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ حفیظ نے کہا کہ پہلی بار ایک انجن خراب ہوا تو دوسرے میں بھی تکنیکی خرابی پیش آئی،  اڑان سے  پہلے جہاز  ٹھیک تھا، دوران پروا ز ٹربائن  پلیٹ ٹوٹ گیا۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ طیاروں کے لیے 2 انجن ہوتے ہیں، حویلیاں حادثہ طیارے کے دونوں انجن کی خرابی کے باعث پیش آیا.

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ  طیارہ حادثے  کے بعد جہاز انجن میں سیکیورٹی نظام کو مکمل طور پر تبدیل کیا گیا ہے۔

عبداللہ حفیظ کا کہنا تھا کہ طیاروں کے پرزوں کی مرمت کی جاتی ہے، حادثات کی رپورٹ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ میں پیش کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حویلیاں طیارہ حادثے کی تحقیقات 4 سال بعد مکمل، رپورٹ جاری

واضح رہے قومی ائیرلائن کے طیارے پی کے 661 نے سات دسمبر 2016 کو چترال سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھری تو مسافروں کے ہمراہ معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی موجود تھے۔

طیارہ اپنی منزل پر پہنچے سے قبل ایبٹ آباد کے قریب حویلیاں کے مقام پرحادثے کا شکار ہو گیا تھا جس میں سینتالیس مسافر مارے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں