جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکومتی بیان پی ڈی ایم کی کامیابی ہے، مریم اورنگزیب


لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکومتی بیان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی کامیابی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے عمران خان کو یہ بات سمجھا دی ہے کہ عوام کی طاقت کیا ہوتی ہے، عمران کے خلاف پی ڈی ایم کے جلسے عوامی ریفرنڈم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کی گفتگو عدالت پر حملہ ہے، شہزاد اکبر

انہوں نے کہا کہ حکومت نے گوجرانولہ سے ملتان تک جلسوں میں رکاوٹیں ڈالیں اس کے باوجود عوام پی ڈی ایم کے جلسوں میں پہنچی اور ہر جلسہ کامیاب ہوا۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمان کہہ رہے ہیں کہ ہم نے جلسے  کی اجازت کی درخواست نہیں دی جبکہ  پی ڈی ایم نے باقاعدہ طور پر جلسے کی درخواست دی ہوئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی ترجمانوں کے پاس معلومات نہیں ہوتیں اس لیے ایسی باتیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جلسے کی اجازت دے یا نہ دے جلسہ ہر صورت ہوگا اور مینار پاکستان پر ہوگا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت اور ان کی والدہ کی وفات پر سیاست کی گئی، پیرول میں رہائی میں توسیع کا فیصلہ پارٹی کا تھا۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کی  تیاریاں شروع کردی ہیں، حکومت کی طرف سے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی مقامی قیادت کا  اجلاس ہوگا، اجلاس میں  جے یو آئی ف کے رہنما غفور حیدری بھی شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: لوگ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم جلسے سے متعلق مشاورت ہوگی اور لاہور میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں کامقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں