لاہور: انتظامیہ سبزیوں اور اشیائے ضروریہ کے نرخ نامے پر عملدرآمد کروانے میں ناکام


لاہور: لاہور کی ضلعی انتظامیہ سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ کے سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہوگئی ہے۔

لاہور میں سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئیں نہ ہی یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جا سکی ہے۔ عام مارکیٹوں میں سبزیوں کی منہ مانگے دام فروخت جاری ہے۔  جس کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دو وقت کا کھانا بنانا بھی مشکل ہو چکا ہے۔

سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق آلو فی کلو چھپن ہے جبکہ مارکیٹ میں سو روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کی سرکاری نرخ 42 روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں پیاز 80 روپے کی فروخت ہورہی ہے۔

اسی طرح ٹماٹر ایک115 کے بجائے165، لہسن 163 کے بجائے دو سو روپے  فی کلو، ادرک 513 کے بجائے 640 روپے فی کلو بک رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اشیائے ضروریہ: قیمتوں میں اضافہ کورونا اور بارشوں کی وجہ سےہوا، اعلامیہ

اسی طرح عوامی ریلیف کے یوٹیلٹی اسٹورز بھی شہریوں کو بازار کی نسبت سستی اشیاء فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ اکثر یوٹیلٹی اسٹورز پر رعایتی چینی دستیاب ہے اور نہ ہی آٹا۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت میں 11 اور بیس کلو آٹے کے تھیلے پر 40 روپے سبسڈی دی جارہی ہے، لیکن دونوں چیزیں دستیاب نہیں ہیں۔

شہری مرید علی اور اسامہ ذیشان کا کہنا تھا کہ اکثر یوٹیلٹی اسٹورز پر چیزیں دستیاب نہیں ہیں۔ ایک یوٹیلٹی اسٹور پر ایک چیز دستیاب ہوتی ہے تو دوسری نہیں ہوتی۔

عام مارکیٹس میں مہنگائی اور یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء کی قلت سے پریشان شہری منتظر ہیں کہ کب متعلقہ حکام عملی اقدامات اٹھائیں اور ان کو ریلیف مل سکے۔


متعلقہ خبریں