عثمان بزدار نے پی ڈی ایم کو راہزنوں کا ٹولہ قرار دے دیا


 لاہور: وزیراعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے نزدیک انسانی زندگی کی کوئی وقعت نہیں، راہزنوں کے اس ٹولے نے کورونا جیسے قومی چیلنج پر بھی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی ہے۔

عثمان بزدار نے اپوزیشن قیادت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اپوزیشن کو عوام کا کوئی احساس نہیں، جن کے نزدیک انسانی جانوں کی کوئی وقعت نہیں وہ عوام کے مسائل کیسے سمجھ سکتے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔ ملتان کے باشعور عوام نے اپوزیشن کو آئینہ دکھا دیا۔ پی ڈی ایم مسترد شدہ عناصر کا ہجوم ہے، جس کے پاس کوئی ایحنڈا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 11 جماعتیں الٹی بھی ہو جائیں، وزیراعظم عمران خان جیسے ایماندار اور شفاف لیڈر کا مقابلہ نہیں کرسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے باہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کردیا

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں جلسوں کا رتی بھر بھی جواز نہیں ہے مگر سیاسی مفادات کیلئے اپوزیشن نے قومی مفاد کو پس پشت ڈال دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن قومی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے سے قاصر ہے، حکومت کورونا وائرس کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے کوشاں ہے۔ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں