اندرون ملک پروازیں: پی آئی اے نے کرایوں میں بڑی کمی کردی

اندرون ملک پروازیں: پی آئی نے کرایوں میں بڑی کمی کردی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے موسم سرما کی چھٹیوں کیلئے اندرون ملک پروازوں پر کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام اندرون ملک پروازوں پر کرایوں میں 30 فیصد رعایت  کردی گئی ہے۔ اندرون ملک پروازوں پر یک طرفہ کرایہ 12 ہزار 275 سے کم ہو کر 8 ہزار 500 کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا اندرون ملک دو طرفہ کرایہ 24،600 سے کم  ہوکر 17،000 روپے کردیا گیا ہے۔ رعایتی کرایوں پرعملدرآمد آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر پی آئی اے کی انتظامیہ نے ملازمین کے لیے احتیاطی تدابیر کے نئے احکامات جاری کردیے تھے۔

پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورس پرسن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر ملازمین کے لیے بائیومیٹرک حاضری جزوی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں پی آئی اے کے کسی بھی دفتر میں بائیو میٹرک حاضری نہیں لگائی جائیگی ۔ تمام ملازمین اپنی حاضری متعلقہ دفاتر میں موجود رجسٹر میں از خود لگائیں گے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حاضری لگانے والا ملازم خود اپنی حاضری رجسٹر میں درج کرے گا۔  متعلقہ منیجرز تمام اسٹاف کی حاضری بذریعہ ای میل ایچ آر ڈپارٹمنٹ کو ارسال کریں گے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے: سعودی عرب کے شہر القصیم کیلیے بھی اڑانیں بھرے گی

پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورس پرسن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ حاضری ہر ماہ کی 10 تاریخ سے قبل جمع کروائی جائے گی۔

خیال رہے کہ تین ہفتے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ساڑھے تین ہزار ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی منظوری دے دی تھی۔ 

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے لیے 12 ارب روپے سے زائد رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ پی آئی اے کو ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ سے 4 ارب روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔


متعلقہ خبریں