حکومت کو گرانے کی باتیں آئین اور قوم سے غداری ہے، فیاض الحسن چوہان


لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت کو گرانے کی باتیں آئین اور قوم سے غداری ہے۔

پنجاب کے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین اب حکومت کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں تاہم عوامی مینڈیٹ سے بنی حکومت کے سامنے ان گیدڑ بھبکیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت کو گرانے کی باتیں آئین اور قوم سے غداری ہے اور مسلم لیگ ن کے رہنام رانا ثنا اللہ نے ہمیشہ کی طرح سیاسی تنقید کی آڑ میں اپنے کیسز کا رونا رویا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پاس دلائل ہوتے تو انہیں دھمکیوں کی ضرورت نہ پڑتی اور دلائل ہوتے تو اسحاق ڈار انٹرنیشنل فورم پر یوں تضحیک کا شکار نہ ہوتے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کی انتشار کی سیاست دفن ہو چکی، عثمان بزدار

وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ اسحاق ڈار کے انٹرویو نے بین الاقوامی سطح پر ن لیگ کے کمزور کیس کو بے نقاب کر دیا ہے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرقیادت پنجاب میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی ہے۔ پنجاب اسمبلی سے 68 بلز منظور کروائے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ منظور ہونے والے قوانین کرپشن کے خاتمے اور ملکی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔


متعلقہ خبریں