اسٹیل ملز کی زمین پر مافیا کی نظریں ہیں، سعید غنی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی زمین پر مافیا کی نظر ہے۔

انہوں  نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت نے 2008 میں معیشت بہتر کی، اسٹیل ملز ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہوئی اور اسٹیل ملز بند کرنے سے خسارے میں چلی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے، اسٹیل مل اور ریلوے سے ملازمین کو نکالنا غیرآئینی ہے، رضا ربانی

سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی بات پر قائم نہیں، اسٹیل ملز کو چلانے کے لیے حکومت نے کوئی ایک قدم اٹھایا ہو تو بتا دیا جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق سے رابطے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے کمیٹی بنائی، اسٹیل ملز کی زمین سندھ حکومت کی    ملکیت ہے، ن لیگ دور میں سندھ حکومت نے اسٹیل  ملز چلانے کے لیے خط لکھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اسٹیل ملز کو چلا بھی سکتی ہے اور اس کو فائدہ مند بھی بنا سکتی ہے، 4رکنی کمیٹی کو اسٹیل مل کے معاملے دیکھنے کی ذمہ داری دی گئی۔

سعید غنی نے کہا کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کابینہ میں بیٹھ کر  بتائے کہ 10ہزار سے زائد برطرف ملازمین پر ان کا موقف کیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان اسٹیل ملز کے 4 ہزار 544 ملازمین کو نکال دیا گیا تھا۔ ترجمان پاکستان اسٹیل ملز نے بتایا ہے کہ نکالے جانے والے ملازمین کی فہرست تیار کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گروپ 2-3-4 کے ملازمین کو فارغ کیا گیا جن میں ٹیچرز، ڈرائیورز، فائرمین، آپریٹرز، صحت عامہ اور سیکیورٹی اسٹاف شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹیل مل انتظامیہ تمام ملازمین کو نہیں نکال سکتی، منصوبہ تباہی ہے، چیف جسٹس

ترجمان پاکستان اسٹیل ملز نے بتایا کہ نکالے جانے والے ملازمین میں ڈی سی ایز، ایس ای ڈی جی ایم، اور مینیجرز کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ملازمین کو بذریعہ ڈاک نوٹس بھیجے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں