پیرول کی مدت ختم: شہباز شریف اور حمزہ شہباز دوبارہ جیل منتقل


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پیرول کی مدت ختم پر دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جیل حکام شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو الگ الگ گاڑیوں میں لے کر کوٹ لکھپت جیل روانہ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق  کوٹ لکھپت جیل منتقلی سے قبل شہباز شریف, حمزہ شہباز اور مریم نواز کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ۔ مریم نواز نے شہباز شریف کو پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے جلسوں سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔

خیال رہے کہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کے باعث پنجاب حکومت نے 27 نومبر کوشہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کردیا تھا۔ پنجاب حکومت نے دونوں کے پیرول کی مدت ایک دن کے لیے بڑھادی تھی۔

مزید پڑھیں: یہ لوگ جیسا کریں گے ویسا بھریں گے، حمزہ شہباز

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انسانی ہمدردی کے ناطے پیرول پر رہائی کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ روز ‏معاون خصوصی وزیراعلیٰ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا تھا حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست پر اگلے 24 گھنٹے کے لیے پیرول میں توسیع کر دی ہے۔

پنجاب حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978 کے سیکشن 545 بی کے تحت پیرول پر رہائی کی اجازت دی تھی۔


متعلقہ خبریں