اپوزیشن وزیراعظم کو اشتعال نہ دلائے تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں، فردوس اعوان



لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے اپوزیشن وزیراعظم کو اشتعال نہ دلائے تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمر عباسے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا مسئلہ اگر کرپشن کیسز نہیں تو وفاق اور پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے کی ہمت کریں۔

فردوس اعوان نے کہا تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ جب آپ سلیکٹڈ حکومت کی گردان کرتے اور ہم آپ کو ریجکٹڈ  کہتے ہیں تو مفاہمت کا عمل رک جاتا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا اپوزیشن کو بھی دو قدم بڑھانے ہیں اور حکومت چار قدم بڑھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس پارلیمنٹ میں11 جماعتیں ہیں یہ عدم اعتماد کی تحریک کیوں نہیں لاتے۔

اگر اپوزیشن حکومت کو گھر بھیجنا چاہتی ہے تو اس کا آئینی و قانونی راستہ موجود ہے۔ ان کے پاس اگر اکثریت ہے تو یہ پنجاب اور وفاق میں عدم اعتماد کی تحریک لے آئیں۔

انہوں نے کہا حکومتی پالیسی ہے کہ اپوزیشن کو تھکائیں گے۔ فردوس اعوان نے پی ڈی ایم کو مینار پاکستان گراؤنڈ بھرنے کا چیلنج بھی دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور جلسہ نہیں روکا جائے گا، نہ کنٹینرز لگیں گے اور نہ ہی کوئی رکاوٹ ہو گی۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت 2023 تک رہے گی اپنی مدت پوری کرے گی۔ حکومتیں دھمکیوں سے نہیں جاتیں اور نہ گھبراتی ہیں۔

فردوس اعوان نے کہا کہ اپوزیشن دن کے خواب دیکھ رہی ہے اور ان کو2023 میں تعبیر مل جائے گی۔

سندھ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فردوس اعوان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک ٹکٹ میں حکومت اور اپوزیشن دونوں مزے نہ لے سندھ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے  کارکردگی دکھائیں۔


متعلقہ خبریں